حیدرآباد۔/4فبروری، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے خلاف سیف آباد پولیس میں ایک شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں حیدرآباد سے ریاستی انتظامی اُمور چلائے جانے کے بارے میں ان کے بیان پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شکایت کنندہ راج شیکھر ریڈی نے جو ایک ایڈوکیٹ ہیں الزام عائد کیاکہ چندرا بابونائیڈو نے اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کے اجلاس میں ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’ حیدرآباد میں بیٹھ کر آندھراپردیش کے انتظامی اُمور چلاتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے وہ کسی بیرونی ملک میں ہیں۔‘‘ راج شیکھر ریڈی نے یہ دعویٰ کیا کہ چندرا بابو نائیڈو کا بیان پُرامن ماحول کو متاثر کرنے کے مترادف ہے اس کے علاوہ وہ آندھرا پردیش و تلنگانہ علاقوں میں رقابت پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کے خلاف قانونی کارروائی کی خواہش کی۔ سیف آباد پولیس کے انسپکٹر کے پورنا چندر نے کہا کہ اس شکایت پر مزید کارروائی سے قبل قانونی رائے حاصل کی جارہی ہے۔