چندرا بابو نائیڈو کے خلاف طلبہ تنظیم کا احتجاج

چیف منسٹر اے پی کا پتلہ نذر آتش ، تلگو نیوز چیانل کو نوٹس کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی طلبہ تنظیم ٹی آر ایس وی کی جانب سے آج بشیر باغ پر چیف منسٹر آندھرپردیش چندرا بابو نائیڈو کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا۔ طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے چندرا بابو نائیڈو کا علامتی پتلا نذر آتش کیا ۔ آندھراپردیش پولیس کی جانب سے تلگو نیوز چیانل ٹی نیوز کو نوٹس جاری کئے جانے کے خلاف یہ احتجاج منظم کیا گیا۔ احتجاجیوں نے آندھراپردیش حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس نوٹس سے فوری دستبرداری اختیار کرلیں۔ احتجاجی کارکن چندرا بابو نائیڈو کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا جس پر احتجاجیوں نے چندرا بابو نائیڈو کا علامتی پتلا نذر آتش کیا ۔ واضح رہے کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو کے ملوث ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے ٹی نیوز نے ایک آڈیو ٹیپ جاری کیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی اسٹیفنسن سے بات چیت کی ہے ۔ آڈیو ٹیپ کے ٹیلی کاسٹ کے خلاف سی آئی ڈی آندھراپردیش نے نیوز چیانل کو نوٹس جاری کی۔