نارا لوکیش کی نگرانی میں تیاریاں، مرکزی وزراء اور کئی ریاستوں کے چیف منسٹرس کی شرکت متوقع
حیدرآباد ۔ 7 جون (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کیلئے دہلی اور دوسرے علاقوں سے قائدین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے 5 خصوصی ہوائی جہاز کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ گنٹور ۔ وجئے واڑہ اور حیدرآباد کے کئی ہوٹلس بک کرلئے گئے۔ چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش حلف برداری تقریب کی تیاریاں خود کررہے ہیں۔ تلگودیشم پارٹی کی انتخابی مہم میں اہم رول ادا کرنے والے ان کے فرزند مسٹر نارا لوکیش گنٹور پہنچ کر حلف برداری تقریب انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اہم قائدین کا خیرمقدم کرنے اور ان کے قیام و طعام کے انتظامات کو قطعیت دے رہے ہیں۔ تلگودیشم پارٹی کے مقامی قائدین اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی لوکیش نے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ ناگرجنا یونیورسٹی کے سامنے موجود 70 ایکر اراضی پر حلف برداری تقریب کے انتظامات کئے جارہے ہیں، جس میں 5 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیرداخلہ و بی جے پی کے قومی صدر مسٹر راجناتھ سنگھ کے علاوہ کئی مرکزی وزراء پنجاب ۔ گوا ۔ گجرات ۔ تاملناڈو ۔ اڑیسہ ۔ چھتیس گڑھ کے چیف منسٹرس کی بھی شرکت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی وزراء مسٹر وینکیا نائیڈو اور مسز نرملا ستیارامن وجئے واڑہ اور حیدرآباد کو پہنچ گئے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب کیلئے خصوصی ٹرینیں اور فلائیٹس بھی چلائے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی مسٹر اشوک گجپتی راجو نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کی دعوت دی ہے۔