کرنول۔/13اگسٹ، ( این ایس ایس )حکومت آندھرا پردیش نے فی الحال اپنے مستقل دارالحکومت نہ ہونے کے سبب اس سال 15اگسٹ کو ضلع کرنول میں یوم آزادی تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد سے رائلسیما کے اس ضلع میں زبردست تیاریاں جاری ہیں۔ آندھرا پردیش کے ڈائرکٹر جنرل پولیس جے وی راموڈو کی نگرانی میں آج جشن آزادی تقاریب کا اے پی ایس پی سیکنڈ بٹالین کے وسیع و عریض میدان پر ریہرسل کیا گیا جس میں 14دستوں اور 15 جھانکیوں نے حصہ لیا۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اس مقام پر قومی ترنگا لہرائیں گے۔ جشن آزادی تقاریب میں حصہ لینے کیلئے 14 اگسٹ کی شام سے اس مقام پر پہنچنے والے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو، ریاستی وزراء، دیگر مہمانوں کے قیام کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ان تیاریوں کے درمیان کرنول میں جشن کا منظر دیکھا جارہا ہے جہاں پرچم کشائی کے مقام کے اطراف و اکناف بڑے پیمانے پر ایل سی ڈیز نصب کئے جارہے ہیں تاکہ عوام جشن آزادی تقاریب کا راست مشاہدہ کرسکیں۔ کرنول کے ضلع کلکٹر وجئے موہن نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کیلئے 3,200ملازمین پولیس تعینات کئے گئے ہیں۔ اہم مقامات پر سرکردہ مجاہدین آزادی کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔