حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ دستوری عہدے گورنر پر چیف منسٹر آندھرا پردیش اور وزراء کو اعتماد نہیں ہے تو وہ فوری چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائے یا آندھرا پردیش کی تلگو دیشم حکومت کو گورنر تحلیل کردیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور وزراء کو گورنر نے حلف دلایا ہے ۔ تاہم تلگو دیشم حکومت اور چیف منسٹر کے ساتھ وزراء اور تلگو دیشم کے قائدین کو گورنر پر بھروسہ نہیں ہے ۔ چیف منسٹر ، دہلی پہونچکر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے گورنر کو تبدیل کرنے کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ آندھرا پردیش کے وزراء اور تلگو دیشم کے قائدین گورنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے دستوری عہدے کو داغدار بنا رہے ہیں اس معاملے میں چندرا بابو نائیڈو عوام میں ہنسی مذاق کا موضوع بنے ہوئے ہیں ۔ 10 سال تک متحدہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر اور 10 سال تک قائد اپوزیشن رہنے والے چندرا بابو نائیڈو ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرا پردیش کے چیف منسٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ مگر اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہے ۔ اپنے سیاسی تجربے کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کے بجائے منفی انداز میں قبول کرتے ہوئے غلطیوں پر غلطیاں کررہے ہیں اور عوام میں اپنا وقار کھو رہے ہیں ۔ اپنی غلطیوں کو تلگو ریاستوں کے مفادات سے جوڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے گورنر پر عدم اعتماد کا اظہار کرنے والے ریاست آندھرا پردیش کے وزراء اچم نائیڈو اور آر کشور کو فوری کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر دھرمنا پرساد راؤ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو صرف آندھرا پردیش کے چیف منسٹر ہے ۔ ریاست تلنگانہ میں عام افراد میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔ لہذا وہ نوٹ برائے ووٹ معاملے میں اے سی بی سے تعاون کریں ۔ چندرا بابو نائیڈو کو زیب نہیں دیتا کہ وہ غیر اخلاقی ریمارکس کرتے ہوئے کہے کہ اگر انہیں نوٹس دی گئی یا گرفتار کیا گیا تو وہ تلنگانہ حکومت کا آخری دن ہوگا ۔ ایسا لگتا ہے چیف منسٹر آندھرا پردیش کا دستور ہند قانون اور جمہوریت پر سے بھروسہ ختم ہوگیا ہے ۔۔
کالج آف لینگویجس کے اوقات کار میں تبدیلی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : کالج آف لینگویجس کے پریس نوٹ کے بموجب ماہ رمضان میں کالج کے اوقات کار صبح 11 تا 4 بجے شام ہوں گے ۔ کالج کی سینئیر کلاسس جاری رہیں گی ۔ P.D.C.I ، B.A.(L) I اور M.A.(L) I میں داخلہ کے سلسلہ میں طلباء اوقات کار میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ طلباء کے لیے کمپیوٹر کی مفت تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ مزید معلومات کے لیے طلباء کالج آفس پر یا فون نمبر 040-60504400 پر ربط کریں ۔۔