چندرا بابو نائیڈو آندھرا کو ترقی دلانے میں ناکام : بوتسہ ستیہ نارائنا

حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر و سابق ریاستی وزیر بوتسا ستیہ نارائنا نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کی اور کہا کہ وہ ریاست کو ترقی دلانے میں ناکام ہوگئے ہیں اور تغلق حکمرانی کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ستیہ نارائنا نے نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو لوٹ سے محفوظ رکھنے اور ان کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ریتی سے متعلق اپنی پالیسی کا اعلان کرے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو دونوں ہی ریاست کو ترقی دلانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ریاست کو تقسیم ہوکر دو سال ہوگئے ہیں لیکن کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے اور یہ دونوں ایک دوسرے کی ستائش میں مصروف ہیں۔