چندرا بابو نائیڈو ، اپنی بیوی اور بیٹے سے بھی غریب

صرف 71 لاکھ روپئے اثاثوں کا اعلان ، بینک کھاتہ میں معمولی اضافہ
حیدرآباد 19 /ستمبر ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے گذشتہ 4 سال سے جاری اپنے عمل کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے آج رات اپنے شخصی اثاثوں کا اعلان کردیا ۔ جن کی مالیت 70.69 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرے بینک کھاتے میں معمولی اضافہ کے سوائے میرے اثاثوں میں مزید کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ‘‘ ۔ تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کے بینک کھاتے میں کتنا اضافہ ہوا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنی شریک حیات بھوبنیشوری کے اثاثوں کا اعلان بھی کیا جو اپنے خاندان کی ڈیری کمپنی ہریٹیج فوڈس کی سربراہ ہیں اس کے علاوہ انہوں نے فرزند لوکیش اور بہو برہمنی کے اثاثوں کا اعلان بھی کیا ۔ بھوبنیشوری کے اثاثے 46.88 کروڑ روپئے ہے ۔ جن میں گذشتہ سال کے مقابلے کوئی نمایا ںتبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ’’ تاہم ان ( شریک حیات ) کے پاس موجود سونے کی قیمت میں 60 لاکھ روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ البتہ لوکیش کے اثاثوں 11.04 کروڑ روپئے میں بجز ،ان کی ایک نئی کار ، کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ تلگو فلم اسٹار اور رکن اسمبلی ننداموری بالاکرشنا کی دختر اور چندرا بابو کی بہو برہمنی کے نام 5.32 کروڑ روپئے کے اثاثے بتائے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات مقننہ کی کمیٹی برائے اخلاقیات کو پیش کردوں گا ۔ آئندہ سال سے صرف میں اپنے اثاثوں کا اعلان کروں گا جبکہ میرے ارکان خاندان اپنے طور پر ان کے اثاثوں کا اعلان کریں گے ‘‘ ۔