حیدرآباد۔/25جون، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کل نئی دہلی کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور کئی مرکزی وزراء سے ملاقات کے دوران آندھرا پردیش سے متعلق ریاستی اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ چیف منسٹر بنیادی طور پر آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کی ریاست کا موقف دینے اور مجوزہ مرکزی بجٹ میں مارچ 2015تک 15000 کروڑ روپئے کی خصوصی گرانٹ کی گراہمی پر زور دیں گے۔ توقع ہے کہ چندرا بابو نائیڈو قومی دارالحکومت میں دو دن تک قیام کے دوران وزیر فینانس ارون جیٹلی کے علاوہ دیگر کئی مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریں گے۔