آندھرا پردیش کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے 8 جون کو حلف برداری ،گورنر سے تلگودیشم وفد کی ملاقات
حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز)گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن نے آج رات صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کو نئی ریاست آندھرا پردیش کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے نامزد کیا اور انہیں تشکیل حکومت کی دعوت دی ۔ آج دوپہر راج بھون میں تلگودیشم لیجسلیٹرس کے ایک وفد نے گورنر سے ملاقات کی اور چندرا بابو نائیڈو کو تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی لیڈر کی حیثیت سے منتخب کرنے سے متعلق مکتوب حوالہ کیا ۔ اس وفد نے گورنر سے درخواست کی کہ تشکیل حکومت کیلئے ان کے لیڈر کو رسمی طور پر مدعو کیا جائے ۔ گورنر کی تجویز تلگودیشم نے وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان واقع ناگرجنا ساگر میں 8 جون کو رات 7.27 پر حلف برداری تقریب سے انعقاد کی تحریری طور پر تفصیلی پروگرام پیش کیا ۔ اس مکتوب کی بنیاد پر گورنر نے چندرا بابو نائیڈو کو چیف منسٹر کی حیثیت سے مقرر کرتے ہوئے تشکیل حکومت کی دعوت دی اس حلف برداری تقریب میں زائد از 5 لاکھ عوام کی شرکت کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں جس میں مرکزی وزراء اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے ان تمام کو شخصی طور پر دعوت نامے روانہ کئے ہیں ان میں سے بعض کو راست ٹیلی فون کر کے مدعو کیا ہے ۔ اگر چیکہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی شخصی طور پر مدعو کیا ہے لیکن مودی کی شرکت سے متعلق ابھی تک کوئی توثیق نہیں ہوئی ہے ۔ تلگودیشم پارٹی نے آندھرا پردیش اسمبلی کے 175 کے منجملہ 102 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے
جبکہ تلگودیشم کے ایک باغی امیدوار بھی پارٹی میں واپس ہوئے ہیں۔ ڈی نریندر کمار، بدھا پرساد اور شریمتی پی سجاتا ارکان اسمبلی آندھرا پردیش کی قیادت میں تلگودیشم پارٹی کے وفد نے گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے بتایا کہ گورنر آندھراپردیش کو مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی تقریب حلف برداری کے تعلق سے وقت اور مقام سے ریاستی گورنر مسٹر نرسمہن کو واقف کروایا جائے گا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ مسٹر نائیڈو کی حلف برداری تقریب کیلئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو خصوصی دعوت نامہ روانہ کیا جائے گا ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہیکہ چیف سکریٹری حکومت آندھرا پردیش مسٹر مسٹر آئی وائی آر کرشنا راو ، ڈائرکٹر جنرل اف پولیس اے پی مسٹر جے ای راموڈو ، پرنسپال سکریٹری مسٹر اجئے سہانی و دیگر عہدیداروں نے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کر کے گنٹور میں منعقد کی جانے والی تقریب حلف برداری کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات سے واقف کروایا ۔