حیدرآباد31اکتوبر(یواین آئی) آندھر اپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ کے نارائنا نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت چندرابابو کے وزیراعظم کے امیدوار بننے کے خوف سے اے پی کو نشانہ بنارہی ہے ۔انہوں نے آج تروملا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے ناانصافی پر مرکز کے خلاف تلگودیشم کی جدوجہد کے پیش نظر ہی ریاست میں آئی ٹی کے دھاوں کے ذریعہ تلگودیشم کے لیڈران کو مشکل میں ڈالا جارہا ہے ۔نارائنا جو مچھلی پٹنم لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، نے کہاکہ چندرابابو نائیڈو تمام غیر بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست سے ناانصافی کرنے والی بی جے پی کے ساتھ وائی ایس آرکانگریس اور جناسینا نے ساز باز کرلی ہے ۔
تلنگانہ کے وظیفہ یاب اور فیملی پنشن حاصل کرنے والوں کو اطلاع
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : سید ناظم الدین ریٹائرڈ لکچرر و صدر امان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر اسوسی ایشن ٹولی چوکی نے تلنگانہ کے سرکاری وظیفہ یاب و فیملی پنشنرس کو اطلاع دی ہے کہ اپنی سالانہ تصدیق حیات کا صداقت نامہ ( لائف سرٹیفیکٹ ) کا فارم تکمیل کر کے یکم نومبر 2018 تا فروری 2019 تک متعلقہ پنشن پے منٹ آفس یا اضلاع میں ایس ٹی او میں داخل کر کے رسید حاصل کریں ۔ فارم پر ایک عدد تازہ فوٹو چسپاں کر کے متعلقہ بینک منیجر یا کسی گزیٹیڈ آفیسر یا متعلقہ پی پی او / ایس ٹی او سے دستخط کروالیں ۔ اس کے علاوہ فارم میں وظیفہ کا نمبر ، بینک اور برانچ کا نام ، بینک اکاونٹ نمبر ، تاریخ پیدائش فون نمبر / موبائل نمبر ، پیان نمبر ، موجودہ مکان کا پتہ اور متعلقہ بینک کا MICR ، IFSC کوڈ درج کرنا ہوگا ۔ اس سال بھی وظیفہ یابوں کی سہولت کی خاطر لائف سرٹیفیکٹ / سالانہ تصدیق حیات نامہ ، اسوسی ایشن کے آفس پر مفت دستیاب رہے گا ۔ اس کو آفس واقع راہول کالونی فیز II لین نمبر 4 ، پلاٹ نمبر 129 روبرو ریلائنس مارٹ ٹولی چوکی پر صبح 10 تا 4 بجے تک حاصل کرسکتے ہیں ۔۔