آندھراپردیش کیلئے خصوصی موقف اور پیاکیج پر تبادلہ خیال
نئی دہلی ۔25اگست ( این ایس ایس ) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اپنی ریاست کیلئے خصوصی موقف ‘ نئی راجدھانی اور بجٹ خسارے پر تبادلہ خیال کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ انہوں نے نئی ریاست آندھراپردیش کو مرکز کی جانب سے 15,000 کرور روپئے کا خصوصی پیاکیج دینے کے مسئلہ پر بھی وزیراعظم مودی سے تبادلہ خیال کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے زیرقیادت ایک وفد کے ساتھ مملکتی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس دھرمیندر پردھان سے ملاقات کے دوران اپنی ریاست میں اعلیٰ درجہ کی پٹرولیم یونیورسٹی ‘ ایل این جی ٹرمنل اور گرین فیلڈ ریفائنری کے قیام کی تجاویز سے متعلق موضوعات پر گفت و شنید کی ۔ مسٹر نائیڈو نے مملکتی وزیر صنعت وتجارت نرملا سیتارامن اور دیگر مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کی ۔