چندرابابو نائیڈو کانگریس کے ایجنٹ، ایس ویرا راجہ کا الزام

آندھراپردیش کو مرکز سے رقومات کی عدم اجرائی کا الزام جھوٹ پر مبنی ، بی جے پی ایم ایل سی کا ردعمل
حیدرآباد۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر بی جے پی رکن قانون ساز کونسل آندھراپردیش مسٹر ایس ویرا راجہ نے پھر ایک بار سنسنی خیز ریمارکس کئے اور چیف منسٹر آندھراپردیش پر کانگریس پارٹی کے ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا اور سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کے عوام کیلئے چیف منسٹر نائیڈو نے خصوصیت کے ساتھ کچھ بھی نہیں کیا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف مرکزی رقومات کے ذریعہ ہی ریاست آندھراپردیش کی ترقی جاری ہے ۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت کی جانب سے کوئی رقومات ریاست آندھراپردیش کو فراہم نہ کرنے کا غلط الزام عائد کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا ریاست آندھراپردیش میں کئے جانے والے ترقیاتی اقدامات کن رقومات سے کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر ایس ویرا راجہ نے کہا کہ درحقیقت مسٹر نائیڈو اچانک ڈپریشن اور کنفیوژن میں آگئے ہیں ۔ بی جے پی ایم ایل سی نے پُرمور الفاظ میں کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو اپنے کرپشن و بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کرلینے کیلئے ریاستی عوام کو وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اکسانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مسٹر ویرا راجہ نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی ان کوششوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کی یہ تمام کوششیں بالکلیہ طور پر ناکام ثابت ہوں گی ۔ علاقہ رائلسیما کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے رکن کونسل بی جے پی نے کہا کہ درحقیقت مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے علاقہ رائلسیما کی ترقی پر کبھی کوئی توجہ ہی نہیں دی ۔ لہذا علاقہ رائلسیما کے عوام سے مسٹر نائیڈو کے خلاف کمربستہ ہوجانے کی پُرزور اپیل کی ۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھراپردیش کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو علاقہ رائلسیما کا دورہ کردکھائیں ۔ اگر نائیڈو علاقہ رائلسیما کا دورہ کرنے کی صورت میں رائلسیما عوام کی برہمی کا بہرصورت انھیں سامنا ضرور ہوگا ۔ مسٹر ایس ویرا راجہ نے مزید کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے محض اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے اور آئندہ انتخابات کیلئے راہ ہموار کرلینے کیلئے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کر رکھا ہے ۔