چندرابابو نائیڈوکا تیان جن تا بیجنگ بلٹ ٹرین میں سفر

امراوتی 28 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے چین میں تیز رفتار ٹرینوں کی کارکردگی کا مشاہدہ کرنے کے لئے تیان جن تا بیجنگ بلٹ ٹرین میں سفر کیا۔ نائیڈو کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق انھوں نے بلٹ ٹرین کے ذریعہ صرف 31 منٹ میں 140 کیلو میٹر کا سفر طے کیا۔ یہ ٹرین 295 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے۔ چندرابابو نائیڈو اپنے دورہ چین کے تیسرے روز بلٹ ٹرین میں سفر سے کافی متاثر ہوئے اور اپنی ریاست کے صدر مقام امراوتی اور بندرگاہ کے شہر وشاکھاپٹنم کے درمیان ایسی ہی بلٹ ٹرین سرویس متعارف کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انھوں نے اپنے ساتھ دورہ کرنے والی ٹیم کو مشورہ دیا کہ امراوتی اور حیدرآباد کے درمیان بھی ایسی بلٹ ٹرین سرویس شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ قبل ازیں چندرابابو نائیڈو نے وجئے واڑہ اور سکندرآباد کے درمیان ایک سوپر فاسٹ ٹرین کے افتتاح کے موقع پر وزیر ریلوے سریش پربھو سے کہا تھا کہ ’’آپ اس کو بلٹ ٹرین یا کچھ اور کہیں لیکن امراوتی سے وشاکھاپٹنم حیدرآباد، چینائی اور بنگلورو تک ایسی ٹرینیں چلانے کی ضرورت ہے جو دو تین گھنٹوں میں مسافت طے کرسکیں۔