اورنگ آباد ،30جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ”تمام زانیوں کو پھانسی دو” اور ”ہم گونگے بہرے شدید ناراض اور زانیوں کے سخت خلاف ہیں” اس طرح کے نعروں پر مشتمل بینرس اور کارڈس ہاتھوں میں لیے آج یہاں ‘ یونیٹی آف مہاراشٹر اسٹیٹ ڈیف ایسوسی ایشن’ اور ‘ مراٹھواڑا ڈیف اینڈ ڈمپ کرڈا منڈل اور اسوسیشن اورنگ آباد ‘ کی جانب سے گونگے اور بہرے معذوروں نے ایک جلوس نکالا اور اورنگ آباد ضلع کلکٹر آفس کے روبرو دھرنا دیا ۔ صبح 11 بجے سے 2 تک جاری اس دھرنے میں مرد اور خواتین شامل تھیں۔ اس موقع پر ہر ایک نے اپنے ہاتھ میں کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر ”بس اب اور ریپ نہیں ” ، زنابالجبر روکو ” اور ”مستقبل میں اپنی معذور بہنوں کو بچاو” جیسے مختلف نعرے لکھے ہوئے تھے ۔چنئی میں 11سالہ معذور بچی کی اجتماعی آبروریزی کے ملزمین کے خلاف شدید ناراضگی اور متاثرہ معصوم کو انصاف دلانے اور اس سے اظہار یگانگت اور ہمدردی کے لیے جلوس نکالے گئے ۔