چلی نے ارجنٹینا کو پھر ہرایا، صدمہ پر میسی کا ریٹائرمنٹ

ایسٹ رودرفورڈ (نیو جرسی) ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن چلی نے ارجنٹینا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار کوپا امریکا کپ 2016ء جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ سال فائنل میں شکست کا بدلہ نہ چکا سکی اور چلی نے تاریخ کو دہراتے ہوئے نیو جرسی میں رواں سال کے فیصلہ کن معرکے میں میں ارجنٹینا کو شکست سے دوچار کردیا۔ امریکہ میں منعقدہ کوپا امریکا کپ کے صد سالہ ایڈیشن کے فائنل میں ارجنٹینا اور چلی کی ٹیم مدمقابل ہوئی۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ہی حریفوں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ان کی یہ سعی کارگر ثابت نہ ہوئی اور مقررہ وقت میں کئی کوششوں کے باوجود دونوں ٹیمیں گیند کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہیں۔ اضافی وقت بھی میچ کیلئے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا اور میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پنالٹی ککس کا سہارا لینا پڑا۔ پنالٹی ککس پر بھی دونوں ٹیموں کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلی دونوں ککس پر گیند گول پوسٹ میں داخل نہ ہوسکی۔ ارجنٹینا کے کپتان اور شہرہ آفاق اسٹار میسی کی کک بھی گول سے باہر چلی گئی۔ تاہم چلی نے سخت جدوجہد کے بعد پنالٹی ککس پر فیصلہ کن معرکہ 2 کے مقابلے میں 4 گول سے جیت لیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال کوپا امریکا کپ کے فائنل میں چلی نے ارجنٹینا کو پنالٹی ککس پر 1-4 سے شکست دی تھی۔
٭   ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے کوپا امریکا کپ کے فائنل میں چلی کے مقابل مسلسل دوسری دفعہ شکست کے بعد عالمی فٹبال سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ وہ ارجنٹائن کی نیشنل ٹیم کی طرف سے 112 میچز کھیلے ہیں۔ امریکی ریاست نیوجرسی میں کھیلے گئے فائنل کے بعد 29 سالہ میسی نے کہا: ’’میرے لئے نیشنل ٹیم کا سفر ختم ہوا، میں جو کرسکتا تھا سب کرچکا، تاہم چمپئن نہ بننے کا دکھ ہے۔‘‘ ارجنٹینا کیلئے یہ شکست ورلڈ کپ 2014ء کے فائنل میں جرمنی کے خلاف ناکامی کے بعد کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں تیسری ہار ہے جبکہ ارجنٹینا کی 23 سال بعد اہم ایونٹ میں کامیابی کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔ میسی نے ریکارڈ 5 دفعہ دنیا کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ جیتا جبکہ اپنے کلب بارسلونا کو حال ہی میں لالیگا چمپئن بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔