چست جینز سے دوران خون اثرانداز، خاتون گر پڑی

ملبورن ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک 35 سالہ خاتون جس نے فیشن کے نام پر اتنی چست جینز زیب تن کر رکھی تھی کہ جسم کا دوران خون پنڈلی تک پہنچنے سے قاصر رہا۔ پنڈلی کے پٹھوں کو جب خون نہیں ملا تو وہ خاتون لڑکھڑا کر گر پڑی اور رینگتے ہوئے وہاں موجود لوگوں سے مدد طلب کرنے لگی۔ اس واقعہ کے بعد ماہرین صحت نے عوام سے خواہش کی ہیکہ وہ فیشن کے نام پر اپنی زندگی سے کھلواڑ نہ کریں اور اتنی چست جینز بھی نہ پہنیں جو آپ کی جلد سے چپک کر آپ کو پریشانیوں میں مبتلاء کردے۔ خاتون کی حالت انتہائی بگڑ چکی تھی اور اس کے دونوں پنڈلیوں پر ورم آ گیا تھا، یہاں تک وہ اپنے ٹخنوں کو بھی مناسب طریقہ سے حرکت دینے سے قاصر تھی۔ ڈاکٹرس کو معائنہ کے بعد معلوم ہوا کہ اس کے پٹھی اور ریشے شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں کیونکہ دوران خون پنڈلیوں کے پٹھوں تک پہنچے سے قاصر تھا۔ اسے چار دنوں تک گلوکوز کی بوتلیں چڑھائی گئیں اور انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ جب وہ اپنے پیروں پر چلنے کے قابل ہوئی تو اسے ڈسچارج کردیا گیا۔ ڈاکٹرس سے اس نے وعدہ کیا ہیکہ اب وہ کبھی زندگی میں چست جینز نہیں پہنے گی۔