مرکزی وزیر انسانی وسائل سمرتی ایرانی کل سنگ بنیاد رکھیں گی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( این ایس ایس) : سب کے لیے عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کی کوشش میں مرکزی وزیر انسانی وسائل سمرتی ایرانی 28 مارچ کو بقیہ ریاست آندھرا پردیش میں تین تعلیمی اداروں کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گی اس موقع پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو موجود رہیں گے ۔ ضلع چتور میں سری سٹی کے اطراف میں قائم کئے جانے والے یہ تین تعلیمی ادارے ہیں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IISER) ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (IIT) اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی چتور ( IIIT ) ۔ ان اداروں کے قیام سے آندھرا پردیش ایک نالج کے مرکز کے طور پر ابھرے گا ۔ اور تعلیم سے چیف منسٹر کے ویژن میں مدد ملے گی جو آندھرا پردیش کو اختراع اور انٹرپرینئر شپ میں ایک مثالی ریاست بنانا چاہتے ہیں ۔ ان مرکزی اداروں سے نکلنے والے با صلاحیت طلبہ کے لیے کیرئیر کے متعدد مواقع ہوں گے ۔۔