حیدرآباد ۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی جانب سے آبائی ضلع چتور میں آبپاشی پراجیکٹس اور بھاری رقومات کی منظوری کے خلاف ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کے ٹی ہریش راؤ کی جانب سے ہائیکورٹ میں درخواست پیش کی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے کابینی فیصلوں کی تفصیلات سربمہر لفافے میں عدالت کو پیش کی گئیں۔ کابینہ کے فیصلوں پر چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی دستخط موجود نہ ہونے پر ہائیکورٹ نے اعتراض کیا۔ عدالت نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے وضاحت کریں۔ عدالت نے اس مقدمہ کی سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ کرن کمار ریڈی نے اپنے آبائی ضلع چتور کے لئے گزشتہ دو ماہ کے دوران کئی آبپاشی پراجیکٹس کو منظوری دی اور ساتھ ہی مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے تقریباً 7 ہزار کروڑ روپئے سے زائد منظوریاں دی ہیں۔ ٹی آر ایس نے ریاست کی تقسیم کے مرحلے پر ایک ضلع کے لئے اس قدر بھاری منظوریوں پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔