چبوترہ مشن کا اندرون دو یوم دوبارہ آغاز،نوجوانوں کو راتوں میں جاگنے سے روکنے پولیس متحرک

حیدرآباد۔ 21 جولائی (سیاست نیوز) ماہ رمضان کے آغاز سے قبل شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے چلائی گئی مہم ’’چبوترہ مشن‘‘ کا اندرون دو یوم دوبارہ آغاز ہوگا اور پولیس کی جانب سے اس مرتبہ مزید سخت گیر موقف اختیار کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوانوں کو راتوں میں جاگنے سے روکنے کے علاوہ چبوتروں اور چوراہوں پر گپ شپ کو برخاست کروانے کیلئے ساؤتھ زون پولیس عملہ نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل کی گئی کارروائی کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے والدین کے ہمراہ ان کی کونسلنگ کرتے ہوئے اس بات کیلئے راضی کروایا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو راتوں کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلنے دیں۔ محکمہ پولیس کی اس کارروائی سے نہ صرف والدین مطمئن نظر آرہے تھے بلکہ مختلف گوشوں سے پولیس کی جانب سے کی جارہی اس کارروائی کی ستائش کی گئی، وہیں بعض گوشوں نے اس کارروائی کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات شہریوں کی آزادی پر کاری ضرب کے مترادف ہے جبکہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کا استدلال ہے کہ رات دیر گئے نوجوانوں کی چبوتروں پر بیٹھک اور گپ بازی ان کے مستقبل میں خطرہ ثابت ہورہی ہے اور کافی غور و خوض کے بعد ہی محکمہ پولیس نے اس مہم کے ازسرنو آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے ماتحتین کو اس بات کی بھی ہدایت دی ہے کہ وہ صرف نوجوانوں کو حراست میں لینے کی کارروائی کے بجائے تجارتی مراکز کو وقت پر بند کروانے پر بھی توجہ مبذول کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ زون پولیس کی اس کارروائی کے خلاف کی گئی نمائندگیوں کے بعد اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے خفیہ ایجنسیوں سے مشن چبوترہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا کہ یہ مہم شہریوں کے حق میں ثابت ہوگی یا شہریوں کے مفادات کے تحفظ میں اس طرح کی مہم رکاوٹ پیدا کرے گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 23 جولائی کی شب سے شہر میں ایک مرتبہ پھر چبوترہ مشن کا آغاز ہوگا اور اس مشن کے دوران دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر فروخت کی جارہی اشیائے خوردونوش کے مراکز کے خلاف بھی مقدمات درج کرنے پر غور کیا جائے گا۔