قائدین میں تال میل کا فقدان: مال ریڈی رنگا ریڈی
حیدرآباد۔ یکم اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے حقیقی قائدین کو نظرانداز کرکے چاپلوسوں کو اہمیت دینے سے کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے آج گاندھی بھون میں ضلع رنگا ریڈی کے کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پارٹی شکست کی وجوہات اور پارٹی کے استحکام کے لئے تجاویز طلب کی تھی۔ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر مال ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی،
مگر تلنگانہ کے کانگریس قائدین اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ سب سے بڑی غلطی یہ ہوئی کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کے حقیقی قائدین و کارکنوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوا، جب کہ گاندھی بھون کا چکر لگانے اور چاپلوسی کرنے والوں کو ٹکٹ دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران سینئر قائدین کے درمیان تال میل کا فقدان رہا، جس سے پارٹی کو نقصان ہوا اور جیتنے والے امیدواروں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی میں پھیلی غلط فہمیوں، غفلت اور کوتاہیوں کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور پارٹی کے استحکام کے لئے چند ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، تب ہی عوامی اعتماد بحال ہو سکتا ہے، بصورت دیگر پارٹی کو مزید نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ عہدوں کی پروا کئے بغیر پارٹی کے لئے کام کرنے والے قائدین کو اہمیت دینے اور ان کی خدمات سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان کا جائزہ لیا جائے اور ان پر عمل آوری کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے۔ انھوں نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ دیہی علاقوں میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے عوامی مسائل پر توجہ دی جائے۔