چاول پر ٹیکس وصول نہ کرنے مرکز کی ہدایت

مرکز سے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے چیف منسٹر کے سی آر کی اپیل
حیدرآباد 12 مارچ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے خواہش کی کہ وہ مرکز کے اس فیصلے پر نظرثانی کریں جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومتوں کو مل مالکین کیلئے چاولوں پر ٹیکس عائد نہیں کرنا چاہئے ۔ مرکز کے اس فیصلے پر جاریہ سال یکم اکٹوبر سے عمل آوری کو کہا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مفادات کو یقینی بنانے اور مختلف قسم کے چاولوں پر قیمتوں کو بہتر بنانے کم از کم موجودہ 25 فیصد ٹیکس کو اس وقت برقرار رکھنے کی ضرورت ہے جب مل مالکین کو ریاست کے باہر یا ملک کے باہر بہترین مواقع دستیاب ہوں ۔ حکومت کے اعلامیہ کے بموجب مرکز نے مطلع کیا ہے کہ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کے حصول کو یقینی بنانے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاستی حکومتیں جاریہ سال یکم اکٹوبر سے مل مالکین سے کوئی ٹیکس وصول نہ کریں۔ چیف منسٹر نے اپنے مکتوب میں واضح کیا کہ کم از کم ٹیکس کے موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔