اسلام آباد ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی نئی انسداد دہشت گردی عدالت نے جو 2008ء کے ممبئی حملہ مقدمہ کی سماعت کررہی ہے، جس میں 7 افراد مشتبہ ہیں، جن میں کلیدی سازشی ذکی الرحمن لکھوی بھی شامل ہیں، آج 4 سرکاری گواہوں کو آئندہ سماعت پر جو 4 مارچ کو مقرر ہے، عدالت میں حاضر رہنے کیلئے دوبارہ سمن جاری کئے ہیں۔ قبل ازیں وہ عدالت میں حاضری سے قاصر رہے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سہیل اکبر نے آج کہا کہ مقدمہ کی سماعت آئندہ چہارشنبہ تک ملتوی کردی گئی ہے اور چار سرکاری گواہوں کو سمن جاری کئے گئے ہیں۔ تاہم عہدیدار نے کوئی وجہ ظاہر نہیں کی کہ آج کی سماعت میں گواہ کیوں حاضر نہیں ہوئے۔ اس نے کہا کہ آج جج نے مقدمہ کے ریکارڈ کا جائزہ لیا جو اسلام آباد ہائیکورٹ سے اسے منتقل کئے گئے تھے۔ حکومت نے 26 نومبر کو مقدمہ حال ہی میں قائم کردہ اے ٹی سی کے سپرد کیا تھا۔ 14 جنوری کو یہ منتقلی عمل میں آئی تھی لیکن اس کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی گئی ہے۔