2020 میں عثمان ساگر کی صد سالہ تقریب منعقد کی جائے گی
راجندر نگر حلقہ کو 200 کروڑ روپئے منظور کرنے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا اعلان
شمس آباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں ٹی آر ایس کے جلسہ سے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ترقی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تین چار سال میں ضلع رنگاریڈی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آئیں گی ۔ راجندر نگر کے علاقہ بدویل و قسمت پور میں 350 ایکڑ اراضی پر 28 آئی ٹی کمپنیاں قائم ہونگی جن سے ایک لاکھ 20 ہزار ملازمتیں فراہم ہوں گی ۔ جس میں مقامی افراد کو بھی ملازمت فراہم ہونگی ۔ 1920 میں عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی تعمیر کی گئی تھی 2020 میں عثمان ساگر کی صد سالہ تقریب منعقد کی جائیگی ۔ 2020 سے قبل عثمان ساگر کے اطراف 100 کروڑ روپیوں سے سیاحتی مرکز بنایا جائے گا ۔ شمس آباد ایرپورٹ کے اطراف میں ایرپورٹ سٹی تعمیر کی جائے گی ۔ شمس آباد کے اطراف لاجسٹک پارک قائم ہوگا جس سے شمس آباد کے عوام کو ملازمت فراہم ہوگی ۔ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے سالانہ 8 ہزار روپئے دئیے جارہے ہیں ۔ ریاست کے 58 لاکھ کسانوں کو 5 لاکھ روپئے کا بیمہ کیا گیا ۔ راشن چاول فی فرد چھ کیلو معیاری چاول فراہم کیا جارہا ہے ۔ کانگریس کے دور میں پنشن دو سو روپئے تھی جسے کے سی آر نے 1000 اور 1500 روپئے کردئیے جس سے غریب افراد کو راحت ملی ہے ۔ صرف پنشن کیلئے سالانہ 5800 کروڑ روپئے منظور کئے جارہے ہیں ۔ غریب لڑکیوں کی شادی کے لیے ایک لاکھ 116 روپئے شادی مبارک و لکشمی کلیانم کے ذریعہ دئیے جارہے ہیں ۔ اقامتی اسکولس و گروکل اسکولس کے ذریعہ غریب طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے اور فی فرد ایک لاکھ 25 ہزار سالانہ خرچ کئے جارہے ہیں ۔ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل پر ریاست میں پانی کا مسئلہ مکمل حل ہوجائے گا ۔ کے ٹی آر نے راجندر نگر اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے 200 کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور سبیتا اندرا ریڈی کو ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرنے کے سوا کوئی کام نہیں رہا جب کہ کانگریس 50 سال میں ریاست میں کچھ ترقی نہیں کی ۔ ٹی آر ایس نے چار سال میں اس سے زیادہ ترقیاتی کام انجام دئیے ۔ جلسہ سے قبل وزیر کے ٹی آر نے راجندر نگر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر کے شمس آباد میں جلسہ میں شرکت کی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے مسائل کو حل کرنے 12 ہزار کروڑ منظور کرچکی ہے اور کسانوں کے بقایا جات کو معاف بھی کیا گیا ۔ کنڈہ ویشویشور ریڈی ایم پی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی اسکیمات سے ملک کی تمام ریاستیں متاثر ہو کر وہی اسکیمات کو ان کی ریاستوں میں عمل کرنے کی کوشش میں ہے ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کو دیکھتے ہوئے تلگو دیشم ، کانگریس اور بی جے پی قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔ راجندر نگر حلقہ میں تین ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات منظور ہوئے ہیں ۔ شمس آباد کی ترقی کیلئے 130 کروڑ روپئے کے ذریعہ کام کئے گئے ۔ رکن اسمبلی نے راجندر نگر حلقہ کی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپئے ، شمس آباد میں ڈگری کالج ، پچاس بیڈ پر مشتمل دواخانہ اور میلاردیوپلی میں 100 بیڈس پر مشتمل دواخانہ کی منظوری کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 انتخابات میں کانگریس امیدوار کی ضمانت بھی ضبط ہوجائیگی ۔ نریندر ریڈی ایم ایل سی ، ایس راجو ایم ایل سی ، ناگیندر گوڑ ، تلنگانہ ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کمیٹی چیرمین ، عبدالمقیت چندا ٹی آر ایس میناریٹی سیل جنرل سکریٹری ، ایس ایم اسلم قادری میناریٹی سیل جنرل سکریٹری ، کے چندرا ریڈی شمس آباد منڈل پارٹی صدر ، وینکٹیش گوڑ ٹاون صدر کے علاوہ عوام کا ہجوم موجود تھا ۔ شمس آباد میں کے ٹی آر کی آمد پر شاندار آتش بازی کی گئی ۔ شمس آباد گلابی رنگ میں تبدیل ہوگیا تھا ۔