چارہ اسکام : لالو اور دوسروں کی سزاؤں کا آج اعلان

رانچی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آر جے ڈی اور کانگریس کے سینئر قائدین کو تحقیر عدالت کی نوٹس جاری کی ہے جنہوں نے چارہ اسکام کے مقدمہ میں 23 ڈسمبر کو آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کو جرم کا مرتکب کئے جانے کے فیصلہ کی ایک ٹیلی ویژن مباحثہ کے دوران مذمت کی تھی۔ سی بی آئی جج شیوپال سنگھ نے آر جے ڈی کے رگھوونس پرساد سنگھ، شیوانند تیواری اور لالو کے بیٹے تیجسوی یادو کے علاوہ کانگریس کے لیڈر منیش تیواری کو ہدایت کی ہیکہ وہ 23 جنوری کو شخصی طور پر حاضر ہوں۔ اس دوران سی بی آئی کے ایک وکیل نے کہا کہ چارہ اسکام کیس میں جرم کے مرتکب پائے گئے لالو پرساد یادو اور دیگر 15 افراد کی سزاؤں کا کل جمعرات کو اعلان کیا جائے گا۔