آٹو رکشاؤں کے داخلہ پر تحدیدات عائد کرنے ٹریفک پولیس کی تجویز
حیدرآباد ۔ 24 فبروری (ایجنسیز) تاریخی چارمینار کے اطراف ٹریفک کی گہماگہمی اب شاید کم ہوتی نظر آئے۔ ٹریفک پولیس نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے مطابق اس تاریخی عمارت کے اطراف آٹو رکشاؤں کی نقل و حرکت پر تحدیدات عائد کردی جائیں گی اور وہاں موجود ٹھیلہ بنڈیوں کو مناسب انداز میں برقرار رکھا جائے گا۔ ایسی صورت میں اس علاقہ میں گاڑیوں کی آمد و رفت آسان ہوسکے گی۔ چارمینار یونانی ہاسپٹل کی گیٹ، فراشا ہوٹل کے روبرو اور پنچ محلہ کے پاس درجنوں آٹو رکشاؤں کے پارک کئے جانے سے ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے۔ شام کے اوقات میں یہ مسئلہ اور سنگین ہوجاتا ہے۔ مسلسل ٹریفک جام کو روکنے ٹریفک پولیس نے پنچ محلہ کمان، چارمینار اور گلزار حوض کی پٹی میں آٹو رکشاؤں کے داخلہ پر تحدیدات کا منصوبہ بنایا ہے۔ سردار محل روڈ اور لاڈ بازار کے حصہ میں پہلے ہی تحدیدات ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک اعلامیہ بہت جلد جاری کیا جاسکتا ہے۔ یہ چارمینار ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہیکہ ڈرائیورس کو اب چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی انر رنگ روڈ استعمال کرنی پڑے گی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہیکہ ڈرائیورس کو عام راستہ پر پارکنگ سے روکنے کئی مرتبہ چالانات کئے گئے لیکن اس سے مسئلہ کا حل نہیں ہوا۔ ٹریفک پولیس نے چارمینار اور مکہ مسجد کے درمیان کاروبار کرنے والی ٹھیلہ بنڈیوں کو چین سے باندھنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ پولیس کے اس اقدام کے بعد ٹھیلہ بنڈیاں اب عام راستہ پر نہیں آرہی ہیں۔ اس سے قدرے سہولت ہوئی ہے اور آٹو رکشاؤں پر تحدیدات سے ٹریفک کے بہاؤ میں مزید سہولت ہوسکتی ہے۔