چھوٹے کاروباری بری طرح متاثر ‘ ٹریفک مہم میں بہتری کیلئے نو اسٹاپ زون کے قیام کا منصوبہ
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری انہدامی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران یہ کارروائیاں مزید تیز رفتار کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی عہدیداروں نے جامع مسجد چوک کے روبرو واقع محبوب چوک گھڑیال کے اطراف موجود چھوٹے تاجرین کو فوری طور پر جگہ کا تخلیہ کرنے کی ہدایت دے دی ہے اور اس بات کا انتباہ دیا ہے کہ آئندہ 48گھنٹوں میں محبوب چوک گھڑیال کے اطراف موجود قبضہ جات کی عدم برخواستگی کی صورت میں بلدیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی کے ذریعہ قبضہ جات کی برخواستگی عمل میں لائی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ساؤتھ زون کی جانب سے جاری کارروائی سے نہ صرف غیرمجاز قابضین متاثر ہورہے ہیں بلکہ ان کارروائیوں کا شکار بعض بے بس چھوٹے کاروباری بھی بنتے جارہے ہیں چونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار جو کارروائیاں انجام دے رہے ہیں وہ قدیم ریکارڈس کی بنیاد پر انجام دی جارہی ہیں۔ ان کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے عوامی برہمی کا سامنا ہر جگہ بلدی عہدیداروں کو کرنا پڑ رہا ہے لیکن کسی بھی قسم کی سیاسی مدد نہ ہونے کے سبب عہدیدار من مانی طریقہ سے پرانے شہر کے اس اہم علاقے میں عوام کو کاروبار سے بیدخل کرنے میں مصروف ہیں۔ لاڈ بازار میں موجود تاجرین نے اپنے طور پر سائن بورڈز نکال دیئے تھے اسی طرح جلو خانہ کے اندرونی حصہ میں موجود دکانات کے آگے بڑھے ہوئے اضافی شیڈس تاجرین نے اپنے طور پر ہٹالئے ہیں لیکن گزشتہ یوم موتی گلی تا خلوت سڑک پر بلدی عہدیداروں نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں پر موجود غیرمجاز تعمیرات کو منہدم کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ29ستمبر کو بلدیہ کی جانب سے موتی گلی تا شاہ علی بنڈہ براہ خلوت سڑک پر موجود دونوں جانب فٹ پاتھوں کو غیر مجاز قبضہ جات سے پاک بنانے کی مہم چلائی جائے گی جبکہ آئندہ دو یوم میں چوک گھڑیال کے اطراف کارروائیاں کی جاسکتی ہیں۔ اسی طرح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے منصوبہ کے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران چارمینار تا مدینہ بلڈنگ فٹ پاتھس پر موجود چھوٹے تاجرین کو برخواست کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی۔ علاوہ ازیں چارمینار کے اطراف و اکناف موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کو ہٹانے کیلئے بھی پولیس کی مدد سے کارروائیوں کے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔(سلسلہ صفحہ 8 پر)
گزشتہ یوم موتی گلی تا خلوت کے علاقے میں انجام دی گئی کارروائی کے دوران بلدی عہدیداروں کو عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود بلدی عہدیداروں نے پولیس کی بھاری جمعیت کی موجودگی میں انہدامی کارروائیاں مکمل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چارمینار کے اطراف پیدل راہرو پراجکٹ پر مکمل عمل آوری سے قبل چارمینار کے چاروں جانب ’’نو اسٹاپ زون ‘‘ بنانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ چارمینار کے اطراف بے ہنگم پارکنگ بالخصوص آٹو رکشاکی پارکنگ کو فوری طور پر برخواست کیا جائے اور سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت میں بہتری لائی جاسکے۔ بلدیہ کی انہدامی کارروائیوں کا شکار ہونے والے بعض افراد نے اس بات کا الزام عائد کیا ہے کہ بلدی عہدیدار منتخبہ جائیدادوں کے ساتھ معاندانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں اور انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تاجرین کا احساس ہے کہ منظم منصوبہ کے تحت کی جانے والی ان کارروائیوں پر فوری روک لگائی جانی چاہیئے جبکہ عوام میں ان کارروائیوں کے متعلق کوئی منفی رجحان نظر نہیں آرہا ہے بلکہ یہ کہا جارہا ہے کہ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف حکومت کی کارروائیاں خوش آئند ہیں لیکن ان کارروائیوں کے درمیان چھوٹے بیوپاریوں کو نقصانات سے بچانے کے تعلق سے بھی حکومت کو منصوبہ بندی کرنی چاہیئے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کے دور ہوجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو کارروائیاں شروع کی ہیں ان کے متعلق عوام میں اب بھی خدشات پائے جاتے ہیں اور یہ کہا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ کے اوائل میں شہر میں منعقد ہونے والی میٹرو پولس میٹ کے سلسلہ میں یہ تمام کارروائیاں انجام دی جارہی ہیں اور ہوسکتا ہے کہ اس میٹ کے اختتام کے بعد حالات دوبارہ معمول پر آجائیں گے۔