سالار جنگ برج کے قریب ایک اور متبادل برج ، تاریخی عمارتوں کے تحفظ کا فیصلہ ، محمد محمود علی کا دورہ
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل اور لاڈ بازار میں بنائی جانے والی کمانوں کے سلسلہ میں ڈیزائن کو قطعیت دیدی گئی ہے اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اطراف موجود تاریخی عمارتو ںکے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کی زیر قیادت پرانے شہر کے ارکان اسمبلی نے آج چارمینار‘ مدینہ بلڈنگ‘ محبوب چوک مارکٹ‘ سالار جنگ برج‘ پتھر گٹی کے علاوہ اطراف کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کیا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر مسٹر اروند کمار پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹربی جناردھن ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ دورہ کے دوران عہدیداروں نے عوامی نمائندوں کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے لئے چارمینار کے دامن میں موجود جن ٹھیلہ بنڈیوں کو ہٹایا گیا ہے ان کی بازآبادکاری کیلئے سالار جنگ برج کے قریب میں موسی ندی پر ایک اور برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس برج کی تعمیر کیلئے جلد از جلد ٹنڈر طلب کرلئے جائیں گے۔ محبوب چوک مارکٹ کی عصری تعمیر کے منصوبہ کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر نے محبوب چوک گھڑیال اور چارکمان کی آہک پاشی کے عمل کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت جو جائیدادوں کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ہے ان جائیدادوں کے مالکین کو جلد نوٹسوں کی اجرائی عمل میںلانے کے ساتھ ساتھ انہیں فوری معاوضہ کی اجرائی کے اقدامات کئے جا ئیں گے۔ اس کے علاوہ جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائی کی عاجلانہ تکمیل کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سردار محل‘ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کے علاوہ دیگر عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دورہ کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر و منتخبہ عوامی نمائندوں کو عہدیداروں نے ٹرام اور میٹرو کے منصوبہ سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ ٹرام ٹرین جو معظم جاہی مارکٹ سے چارمینار تک چلائی جانے کا منصوبہ ہے اس کو نظر میں رکھتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ مدینہ بلڈنگ اور پتھر گٹی کی آہک پاشی اور اس سڑک پر بھی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے متعلق تبادلہ خیال کیا جا چکا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مکمل چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔پرانے شہر میں آؤٹر رنگ روڈ اور انر رنگ روڈ کے ترقیاتی منصوبوں کو بھی جلد قطعیت دینے کے علاوہ اس پر عمل آوری ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ میٹرو ریل کے علاوہ ٹرام کے کاموں کے متعلق منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ان منصوبوں کو بھی قطعیت دیدی جائے گی۔