چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ کے تحت تعمیراتی و ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے متعلقہ حکام کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 26ڈسمبر(سیاست نیوز) چارمینار سے شاہ علی بنڈہ جانے والی سڑک کو اندرون چند یوم تعمیری و ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کے لئے بند کردیا جائے گا۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری چارمینار کے اطراف ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹریفک کی آمد و رفت سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے اور کاموں میں مزید تیزی لانے کیلئے چارمینار بس اسٹینڈ سے ٹریفک کا رخ موڑ دیا جائے گا اور چارمینار کی سمت گاڑیوں کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ 31ڈسمبر کی شب کو نئے سال کے جشن کے پیش نظر چارمینار کے اطراف ابھی ٹریفک تحدیدات عائد نہیں کی جارہی ہیں لیکن یکم جنوری 2018 سے چارمینار کے اطراف ٹریفک تحدیدات عائد کردی جائیں گی تاکہ کاموں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایاجاسکے۔ پرانے شہر میں عرصہ دراز سے تعطل کے شکار اس پراجکٹ کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کردلیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں جو ٹریفک پر تحدیدات عائد کی جائیں گی وہ بتدریج مستقل بنادی جائیں گی تاکہ سیاحوں کی سہولت کا خصوصی خیال رکھا جاسکے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے بتایا کہ پراجکٹ اب قطعی مراحل میں پہنچ چکا ہے اور پراجکٹ کی تکمیل کیلئے جاری کاموں میں تیزی لائی جا رہی ہے اسی لئے فوری اثر کے ساتھ مکہ مسجد سے چارمینار والی سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے تعمیری و ترقیاتی کام شروع کئے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ لاڑ بازار سے چارمینار کی سڑک پر فرش اندازی کا کچھ کام جو چھوڑا گیا ہے اسے بھی مکمل کرنے کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے جا چکے ہیں۔ چارمینار کی سمت ٹریفک کو روک دیئے جانے کے بعد اطراف کے علاقوں شاہ علی بنڈہ‘ خلوت‘ مغلپورہ‘ پنچ محلہ میں ٹریفک کی آمد و رفت بڑھ جائے گی ۔ چارمینار جو کہ شہر حیدرآباد کے مصروف ترین علاقو ںمیں شمار کیا جاتا ہے اس تاریخی عمارت کے اطراف سلاب کی تعمیر کے سبب روزانہ ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اور بڑی گاڑیوں کی صورت میں ٹریفک میں بھاری خلل پیدا ہونے لگا ہے ۔ ابتداء میں محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے موٹر کاروں کی آمد و رفت کو بند کرنے کے متعلق منصوبہ تیار کیا تھا لیکن اب جبکہ اس بات کی توثیق ہوچکی ہے کہ مکہ مسجد کے روبرو کھدوائی کا کام شروع کیا جانے والاہے تو ٹریفک پر مکمل تحدیدات عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔