چارمینار بس اسٹیشن میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ، عوام کو مشکلات

مسافرین کے تحفظ کی خاطر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست (سیاست نیوز) پرانے شہر میں کئی مقامات پر عوام کو بنیادی سہولیات نہ ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ نئی ریاست تلنگانہ میں نئی حکومت سے عوام کو کافی امیدیں وابستہ ہیں لیکن لوگوں کی امیدیں ٹی آر ایس حکومت سے پوری ہوتی نظر نہیں آرہی ہیں۔ حالانکہ ٹی آر ایس حکومت نے پرانے شہر کی ترقی کے کئی وعدے کئے ہیں لیکن ابھی تک ان پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے ۔ پرانے شہر کی عوام کو بنیادی سہولیات پینے کے پانی کا مسئلہ ہو یا برقی کٹوتی یا سڑکوں یا پھر بستیوں میں صاف صفائی و غیرہ جیسے بنیادی سہولیات میسر نہیں ۔ اسی طرح پرانے شہر کے قلب میں واقع چارمینار بس اسٹیشن میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ یہاں پر آنے والے ہزاروں مسافرین کیلئے صاف پینے کے پانی کی سہولت بھی نہیں ہے ۔ حالانکہ شہر کے دیگر علاقوں میں موجود بس اسٹیشنس کو عصری سہولیات فراہم ہیں لیکن چارمینار بس اسٹیشن کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں کے مسافروں کو بیٹھنے کیلئے خاطر خواہ کرسیوں کا انتظام بھی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی گھنٹوں تک کھڑے رہنا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بس کے انتظار میں کھڑے رہنے سے پیروں میں تکلیف ہوجاتی ہے ۔ ایک ضعیف شخص احمد علی نے سیاست کو بتایا کہ وہ پرانے شہر کے ساکن ہیں ار روز اپنی ڈیوٹی انجام دینے بس میں سفر کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چارمینار بس اسٹیشن پر ان کو روز بس بدلنے کیلئے آنا پڑتا ہے کیونکہ ان کے گھر سے منزل تک راست بس خدمات نہیں ہے ۔ اس لئے وہ یہاں روز آتے ہیں اور صبح و شام یہاں پر کئی گھنٹوں تک بس کے انتظار میں وقت گزارتے ہیں جس کی وجہ سے پیروں اور کمر میں درد ہوجاتا ہے ۔ احمد علی کے مطابق شہر کے دوسرے بس اسٹیشنوں میں عصری بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں لیکن یہاں پر دھوپ اور بارش سے بچنے کیلئے کوئی آسرے کا تک انتظام نہیں ہے ۔ اسی طرح ایک خاتون نسرین بیگم نے بتایا کہ وہ اپنی لڑکی کو کالج چھوڑنے اور واپس گھر لے جانے روز یہاں پر آتی ہیں۔ یہاں پر کوئی سیکوریٹی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پولیس عہدیدار لڑکیوں کی حفاظت کیلئے موجود ہے ۔ انہوں نے خاتون پولیس عملے کو تعینات کرنے کی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ بسوں میں بھیڑ رہنے کی وجہ سے سارقوں کو کئی مواقع حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ لڑکیوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیوں نہیں کئے جارہے ہیں؟ نسرین بیگم کا سوال ہے کہ کیا لڑکیوں پر کوئی حادثہ پیش آنے سے پہلے کوئی احتیاطی اقدام نہیں کئے جاسکتے ہیں؟ اسی طرح کئی لوگوں نے بتایا کہ یہاں پر نیم پاگل افراد گھومتے رہتے ہیں اور عام شہریوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ منچلے لڑکے لڑکیوں پر بری نظر ڈالتے رہتے ہیں ۔ یہاں کے مسافرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں تاکہ مسافرین کی حفاظت ہوسکے ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر کے لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ چارمینار بس اسٹیشن کو عصری سہولیات سے لیس کریں تاکہ پرانے شہر کی عوام کو نئے شہر کی عوام کی طرح بنیادی سہولتیں میسر ہوسکیں ۔ پرانے شہر کی عوام نے مقامی لیڈروں سے اس مسئلہ کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے ۔