بھیماکور گاؤں کیس
مزید 5 گرفتاریوں کیساتھ تحقیقات میں پیشرفت :پولیس کا دعویٰ
پونے۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پونے کی ایک عدالت نے ماؤ نوازوں سے مبینہ رابطوں کے ضمن میں جون میں گرفتار شدہ 5 افراد کیخلاف چارج شیٹ کی پیشکشی کیلئے پونے کی ایک عدالت نے پولیس کو دی گئی مہلت میں مزید 90 دن کی توسیع دی ہے۔ اس مقدمہ کے تحقیقاتی افسر اسسٹنٹ کمشنر پولیس شیواجی پوار نے کہا کہ غیرقانونی سرگرمیوں ( کے انسداد سے متعلق) قانون (یو اے پی اے) کی ایک خصوصی عدالت کے جج کے ڈی وڈہانے کی طرف سے پونے پولیس کو اس مہلت میں توسیع دی گئی۔ اے سی پی پوار نے کہا کہ ’’ہم عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور کہا تھا کہ اس مقدمہ کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ چارج شیٹ کی پیشکشی کیلئے 90 دن کی مہلت طلب کی گئی تھی۔ پونے پولیس ہفتہ کو عدالت سے رجوع ہوئی تھی اور اس کیس میں تازہ گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے پہلے گرفتار شدہ 5 افراد کیخلاف چارج شیٹ کی پیشکشی کیلئے مہلت میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ پونے پولیس نے گزشتہ سال 31 ڈسمبر کو بھیما ۔ گوریگاؤں میں منعقدہ یلغار پریشد کے اجتماع میں تشدد اور ماؤ نوازوں سے رابطہ کی تحقیقات کے ضمن میں سدھیر دھاؤنے رونا ولسن، سریندر گاڈلنگ، شوماسین اور مہیش راؤت کو جون میں گرفتار کیا تھا۔