نئی دہلی 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ساتویں پے کمیشن نے تقریباً 48 لاکھ مرکزی حکومت کے ملازمین اور 55 لاکھ وظیفہ یابوں کی تنخواہوں پر نظرثانی کے بارے میں اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں اور عنقریب اپنی رپورٹ وزارت فینانس کو پیش کردے گا۔ قبل ازیں اگسٹ میں حکومت نے کمیشن کی میعاد میں 4 ماہ کی یعنی 31 ڈسمبر تک توسیع کی تھی تاکہ وہ سفارشات پیش کرسکے۔ کمیشن کی سفارشات تیار ہیں اور جلد ہی پیش کی جائیں گی۔ کمیشن جس کی سفارشات کا امکان ہے کہ ریاستی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں پر بھی اثر مرتب ہوگا۔ مرکزی کابینہ کی جانب سے اُس کی میعاد کے اختتام سے صرف ایک دن پہلے اُسے مزید 4 ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔ جبکہ اُس کی میعاد صرف 18 ماہ تھی۔ جسٹس اے کے ماتھر کی زیرقیادت کمیشن کا تقرر فروری 2014 ء میں کیا گیا تھا اور اِس کی سفارشات پر یکم جنوری 2016 ء سے عمل آوری کی جائے گی۔