پی ڈی پی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:چدمبرم

کرگل 9جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے اتحاد کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ایک بہت بڑا دھوکہ کیا ہے اور اسے اہلیان ریاست کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ پی چدمبرم جن کی قیادت میں کانگریس پارٹی کا پالیسی پلاننگ گروپ خطہ لداخ کے دورے پر آیا ہوا ہے ، نے ان باتوں کا اظہار گذشتہ رات یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ کانگریس کے پی ڈی پی سے اتحاد سے متعلق افواہوں کے بارے میں پوچھے جانے پر پی چدمبرم نے کہا ‘پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ بات ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں’۔ انہوں نے کہا ‘میں نے پہلے ہی دن کہا تھا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا اتحاد ایک ناپاک اتحاد ہے ۔ پی ڈی پی نے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ وہ اس جماعت کو کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ لوگ آج خوش ہیں کہ یہ اتحاد زیادہ دیر تک ٹک نہیں پایا۔ آپ کو اگلے انتخابات میں مختلف نتائج دیکھنے کو ملیں گے ‘۔