پی ٹی آئی کے نامزد عہدیدار اور ونگز کالعدم کرنا مایوس کن

پیرس24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان تحریک انصاف اورسیز چیپٹر کی ہدایت کی روشنی میں پی ٹی آئی فرانس کے انٹرا پارٹی انتخابات میں منتخب چار عہدیداروں کے علاوہ ان کی طرف سے نامزد تمام عہدیداروں اورونگ کو کالعدم قرار دے دیا گیا یہ نوبت منتخب عہدیداروں کے درمیان سرد جنگ کے نتیجہ میں پیش آئی جس کی بدولت پاکستان تحریک انصاف فرانس جو یورپی ممالک میں بڑی موثر آواز بن کرابھر رہی تھی کی ساکھ متاثر ہوگئی، اس اچانک فیصلہ سے پارٹی کے اکثر ر ہنمائوں، کارکنوں اور حامیوں میں سخت مایوسی دیکھنے میں آئی۔ نائب صدر ملک اصغر برہان محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آمرانہ طریقہ سے فیصلہ کرنے کی بجائے اجلاس بلا کر اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا جاتا توبہتر ہوتا، میڈیا اور انصاف پی کے کی ویب سائٹ پر راتوں رات تمام نامزد عہدیداروں اور ونگ ختم کرنے کا فیصلہ اچھی روایت نہیں۔انہوں کہا عمران خان دن رات ملک قوم کو آگے لے جانے کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر جدوجہد کررہے ہیں، ایسی صورتحال میں ہمارا کام یہ ہے کہ ہم عمران خان کے بصیرت اور پیغام کو یورپ بھر میںگھرگھر پہنچائیں۔ہمارے منتخب ہو نے کا مقصدپارٹی کی خدمت کرناتھا نہ کہ ہم خود پارٹی کے لوگوں کو تماشا بنا د یں۔