حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت سے خواہش کی ہے کہ سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو ہندوستان کا سب سے اعلیٰ ترین سویلین اعزاز ’ بھارت رتن‘ دیا جائے۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو باقاعدہ مکتوب روانہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف پدما ایوارڈز کیلئے تلنگانہ حکومت نے 37 افراد کے ناموں کی بھی سفارش کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے پدما ایوارڈز کی سفارش کے سلسلہ میں موجود کمیٹی کے ساتھ اجلاس میں ان ناموں کو قطعیت دی۔ پی وی نرسمہا راؤ کا نام بھارت رتن اعزاز کیلئے پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ان 37ناموں پر بھی غور کیا گیا جنہیں پدما شری اور پدما بھوشن اعزازات کیلئے سفارش کی جارہی ہے۔ کمیٹی نے ان ناموں کو قطعی منظوری کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے پاس روانہ کیا ہے اور ان کی منظوری کے بعد انہیں باقاعدہ مرکز کو روانہ کردیا جائے گا۔ پدما ایوارڈز کیلئے غور کرنے والی کمیٹی میں جی اے ڈی کے پرنسپال سکریٹری اجئے مشرا ، پرنسپال سکریٹری فینانس ناگی ریڈی، کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ آر وی چندرا ودن موجود ہیں۔