حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی پوسٹ گریجویٹ کورسیس کے لیے منعقدہ انٹرنس ٹسٹ کے نتائج کا آج اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس کے ذریعہ عثمانیہ یونیورسٹی ، پالمورو یونیورسٹی ، محبوب نگر مہاتما گاندھی یونیورسٹی نلگنڈہ اور تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد میں تقریبا 19 ہزار نشستوں کے لیے مسابقت ہوگی ۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا نے آج حیدرآباد میں نتائج جاری کئے ۔ اسے دفتر ڈائرکٹوریٹ آف اڈمیشن عثمانیہ یونیورسٹی پر بھی آویزاں کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ osmania.ac.in پر بھی ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں ۔ پروفیسر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں کونسلنگ شروع ہونے کا امکان ہے اور قطعی تواریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ اہل امیدواروں کو رینک کارڈ اور کونسلنگ شیڈول ڈاؤن لوڈ کرلینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ پی جی انٹرنس میں 79644 امیدواروں نے اپنا اندراج کروایا ان میں 66,071 نے انٹرنس میں شرکت کی اور 46,753 امیدوار اہل قرار دئیے گئے ۔ ان میں 30,586 مرد اور 16,167 خاتون امیدوار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 30,586 مرد امیدواروں میں 897 مسلم اور 104 عیسائی ہیں ۔ اسی طرح 16167 خاتون امیدواروں میں 1408 مسلم اور 202 عیسائی ہیں ۔ وائس چانسلر نے نشستوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت 12520 ، تلنگانہ یونیورسٹی کے تحت 1985 ، مہاتما گاندھی یونیورسٹی کے تحت 2490 اور پالمورو یونیورسٹی کے تحت 2096 نشستیں پائی جاتی ہیں ۔ ان میں 4867 نشستیں کیمپس اور اس سے مربوط کالجس جب کہ 14224 نشستیں ملحقہ کالجس میں پائی جاتی ہیں ۔۔