نئی دہلی 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب نیشنل بینک کو تقریباً دو ارب امریکی ڈالر کی دھوکہ دہی سے متعلق ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکام کے ضمن میں ارب پتی جوہری نیرو مودی کے خلاف سی بی آئی نے آج اپنی پہلی چارج شیٹ پیش کردی جس میں اس بینک کی سابق سربراہ اوشا اننتا سبرامنیم کے مبینہ رول کی تفصیلات بھی پیش کی گئی ہے۔ اوشنا اننتا سبرامنیم فی الحال الہ آباد بینک کی سی ای او اور منیجنگ ڈائرکٹر ہیں جنھیں وزارت فینانس نے آج ہی ذمہ داری سے ہٹادیا ہے۔ سی بی آئی نے ممبئی میں یہ چارج شیٹ پیش کی جس میں پنجاب نیشنل بینک کے دیگر کئی سرکردہ عہدیداروں کے نام بھی شامل ہیں۔ اننتا سبرامنیم 2015 ء تا 2017 ء پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کی سی ای او اور منیجنگ ڈائرکٹر تھیں جن سے سی بی آئی نے اس کیس کے ضمن میں پوچھ گچھ کی ہے۔ پی این بی کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹرس کے وی برہماجی راؤ اور ایس سنجیو شرن اور جنرل منیجر (انٹرنیشنل آپریشنس) نہال احد کے نام بھی چارج شیٹ میں پیش کئے گئے ہیں۔