حیدرآباد۔23جون ( یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھرراؤ نے اسرو کی جانب سے پی ایس ایل وی سی 38کو کامیابی سے چھوڑنے کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ حالیہ ماضی میں حاصل کردہ سائنٹفک و ٹکنالوجی کی پیشرفت جاری رہے گی۔ انہوں نے نے کارٹو سیٹ ۔ ٹو ای کو چھوڑنے کی بھی ستائش کی جو زیرزمین پانی کی تلاش میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے بچوں کے ادب کے لئے قومی ایوارڈ حاصل ہونے پر جگتیال ضلع کے مٹ پلی کے مصنف وی نرسیا کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نرسیا نے کئی ہزاروں کتابیں اور کہانیاں بچوں کے لئے لکھیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نرسیا بچوں کے لئے کہانیاں لکھتے رہیں گے جس سے انہیں زندگی میں بہتر اقدار کے حصول میں مدد ملے گی۔ چندرشیکھرراؤ نے نوجوانوں کے زمرہ میں ادب کے لئے سنٹرل ساہتیہ اکیڈیمی کا ایوارڈ مرسی مارگریٹ کو ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔