نئی دہلی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ ماہ امریکہ کے شہر نیویارک میں واقع میڈیسن اسکوائر گارڈن میں وزیراعظم ہند نریندر مودی نے اپنی تقریر کے دوران سفارتی اور ویزہ اجرائی جیسے موضوع پر روشنی ڈالی تھی اور اس تعلق سے کچھ اہم اعلانات بھی کئے تھے جس کی تکمیل کرتے ہوئے 30 ستمبر کو ایک گزیٹ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے تحت اسے تمام ہندوستانی نژاد افراد (PIO) کے لئے کارڈ کی مدت 15 سال سے بڑھا کر تاحیات کردی گئی ہے۔ نریندر مودی نے کہا تھا کہ PIO کارڈ کے حامل افراد کو پولیس میں رپورٹ کرنے سے مستثنیٰ کیا جائے گا اور اس طرح وزارت امورداخلہ نے گزیٹ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کے اعلان کو عملی جامہ پہنا دیا کہ PIO کارڈ رکھنے والوں کو پولیس میں رپورٹ کی ضرورت اس وقت بھی پیش نہیں آئے گی جب ان کا قیام 180 ایام سے بھی زائد ہو۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کی پوری کوشش کی جارہی ہیں اور اس سلسلہ میں تمام سفارتخانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ صرف انتہائی ناگزیر حالات کے، تمام امریکی شہریوں کو 10 سالہ مدت والے ویزے جاری کئے جائیں۔ دوسری طرف امریکی شہریوں کی آمد پر ویزہ کی اجرائی کے طریقہ کار کو جاریہ ماہ ہی متعارف کیا جانے والا ہے۔