نئی دہلی۔/21فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران صنعت کار سے سیاستداں بنے کانگریس رکن پارلیمنٹ نوین جندل نے کہا کہ ایسے ٹی وی چینلس جو پیڈنیوز کے ذریعہ جبری وصولی کی تجارت میں ملوث ہے ان کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کردیئے جائیں۔ وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے جندل نے کہا کہ چند ٹی وی چینلس جو پیڈ نیوز میں اس طرح سے ملوث ہیں جیسے کہ انہیں جبری وصولی کا لائسنس مل گیا ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے چینلس جو اس لائسنس کا غلط استعمال کررہے ہیں ان کا لائسنس واپس لے لینا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک سال قبل وزارت اطلاعات و نشریات نے ایسے چینلس کے خلاف کارروائی کیلئے ایک بین وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی مگر ایک سال گذر جانے کے باوجود بھی اس حوالے سے کچھ بھی کارروائی نہیں کی گئی۔جندل نے مزید کہا کہ ایسے ٹی وی چینلس ہماری عزت اور ہمارے وقار سے کھیل رہے ہیں۔ اس حوالہ سے ان کے پاس ثبوت بھی موجود ہیں لہذا ایسے چینلس کے لائسنس فوری منسوخ کردیئے جانے چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ بندوق کے لائسنس کیلئے سخت ترین شرائط عائد کی گئی ہیں جس کی خلاف ورزی پر لائسنس واپس لے لیا جاتا ہے مگر یہی اصول ان چینلس پر نافذ نہیں کیا جارہا ہے۔اس مطالبہ کی تمام جماعتوں نے حمایت کی ہے۔
عشرت جہاں مقدمہ، جاوید پلے کو احمدآباد کے دورہ کی ترغیب کا انکشاف
نئی دہلی ۔21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عشرت جہاں فرضی انکاونٹر کے متاثرین میں سے ایک جاوید شیخ کو پھندے میں پھنسا کر احمدآباد کے دورہ کی تردید کی گئی تھی۔ سی بی آئی نے دستیاب ریکارڈس کی بنیاد پر الزام عائد کیا ہیکہ آئی بی کے جوائنٹ ڈائرکٹر راجندر کمار اور جاوید شیخ کے درمیان اندرون آدھا گھنٹہ ٹیلیفون پر کئی بار بات چیت ہوئی تھی جس میںانہیں احمد آباد کے دورہ کی ترغیب دی گئی تھی۔