فلم پروڈیوسر پرنیا اروڑہ 32 کروڑ روپیوں کی دھوکہ دہی کے معاملے میں جیل میں ہے۔ اس معاملے میں سنوائی جلد ہی ہوگی۔ بتادیں کہ یہ معاملہ سشانت سنگھ راجپوت اور سارا علی خان کی فلم کیدرناتھ سے جڑا ہے۔ پرنیا کریزرس انٹرٹیمنٹ پروڈکشن ہاوز کی مالک ہے۔ یہ پروڈکشن ہاوز رستم، ٹائلٹ، پیڈمین اور پری جیسی فلمیں پروڈیوس کرچکا ہے۔ پرنیا کے وکیل رضوان مرچنٹ کے مطابق پرنیا پردھوکہ دہی سے متعلق ایک سے زیادہ معاملے درج ہوئے ہیں جس کی وجہ عدالت نے انہیں ضمانت دینے سے انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کریزرس انٹرٹیمنٹ نے فلم کیدرناتھ کے حقوق رونی اسکرو والا کو فروخت کئے تھے اس کے بعد جون 2018 کو فلم ڈسٹری بیوٹر واشو بھگنانی نے پرنیا اور کریزرس کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ بھگنانی کا الزام ہے کہ غیر قانونی طریقہ سے رونی اسکرو والا کو حقوق فروخت کئے جانے سے انہیں 16 کروڑ روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔ بھگنانی نے پرنیا کے علاوہ پرتی مان اروڑہ اور ارجن کپور کے خلاف ممبئی میں ایک ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے۔ عدالت نے جب پرنیا کو جیل بھیجنے کا فیصلہ سنایا تو اس وقت پرنیا کی آنکھوں سے آنسو رکنے کا نام نہیں لے رہے تھے۔ خبروں کے مطابق پرنیا کے وکیل نے بتایا کہ جیل جاتے وقت انہوں نے اپنے والد کو گلے لگایا اس وقت وہ بہت مایوس تھیں۔