دفتر سیاست میں مرد حضرات کا حجامہ کیمپ ، ڈاکٹر محمد عبدالحلیم اعظمی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر محمد عبدالحلیم اعظمی موظف ریجنل ڈپٹی ڈائرکٹر محکمہ آیوش نے کہا کہ الحجامہ کا طریقہ علاج بھی ہے اور سنت بھی دنیا میں ہر صحت مند اور بیمار اس طریقہ علاج سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے تکالیف دور کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر محمد عبدالحلیم اعظمی ادارہ سیاست کے زیر اہتمام منعقدہ مفت حجامہ کیمپ برائے مرد حضرات کا معائنہ کرنے کے بعد یہ بات کہی ۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینٹر کیمپ نے ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں کا تعارف کروایا اور ادارہ سیاست کی جانب سے گذشتہ 6 ماہ سے ہورہے کیمپ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ڈاکٹر عبدالحلیم نے کہا کہ حجامہ کے ذریعہ علاج نہ صرف ہندوستان بلکہ سعودی عرب ، پاکستان ، چین ، تھائی لینڈ ، امریکہ ، لندن میں کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر عبدالحلیم نے کہا کہ حجامہ خاص طور پر درد سر ، ڈپریشن ، کندھوں کا درد ، کان کے اندر آوازیں آنا ، عرق النساء ، گھٹنوں کا درد ، ٹنشن کی وجہ سے درد سر ، آدھے سر کا درد ، گردن کا درد ، کمر کا درد ، ایڑی کا درد ، نفسیاتی امراض کے علاوہ الرجی میں بہت فائدہ مند ثابت ہوا ہے ۔ ماہر حجامہ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب نے کہا کہ پرانے اور پیچیدہ امراض کے لیے حجامہ لگانا شفاء ہی شفا ہی ہے کیوں کہ حضور ؐ نے فرمایا کہ بہترین علاج جسے تم استعمال کرتے ہو پچھنا ( حجامہ ) لگانا ہے اور پچھنے کے لیے 17 ، 19 اور 21 تاریخ چاند کی اختیار کرے گا اسے ہر بیماری سے نجات و شفا ہوجائے گی ۔ ڈاکٹر عبدالمجیب نے کہا کہ جسم کی 70 فیصد بیماریاں خون کی عدم سربراہی یا اس کی رکاوٹ کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔ حجامہ کی وجہ سے جسم کے دوران خون میں بہتری آتی ہے ۔ یہ دماغ ، اعصابی و نخاع اور حسی اعضاء کو متحرک اور فعال بناتا ہے ۔ جسم کی قوت مدافعت بیماریوں سے لڑنے والی قوت کو طاقت دیتا ہے ۔ ہارمون ، کولیسٹرال ، بی پی کی بے اعتدالی کو اعتدال پر لاتاہے اور جسم میں درد پیدا کرنے والے 80 فیصد اسباب کو دور کر کے تقریبا ہر قسم کے درد میں کمی لاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند لوگ بھی حجامہ کرواسکتے ہیں کیوں کہ یہ سنت نبویؐ ہے اور اس سے جسم کا دوران خون بھی درست ہوتا ہے ۔ جس سے کئی بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے ۔ حکیم صوفی سلطان شطاری سکریٹری ٹی آر ایس نے حجامہ طریقہ علاج کو مفید اور کار آمد قرار دیتے ہوئے عوام الناس سے اس طرح کے کیمپ سے استفادہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور ادارہ سیاست کی طبی خدمات خاص طور پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ حجامہ کیمپ میں 250 مرد حضرات نے استفادہ حاصل کیا ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کے ہمراہ حجامہ ڈاکٹرز جن میں قابل ذکر ڈاکٹر محمد نذیر ، ڈاکٹر ایم اے قدوس ، ڈاکٹر عبدالرحمان ، ڈاکٹر منیر احمد ، ڈاکٹر توفیق احمد ، ڈاکٹر بالا کرشنا ، ڈاکٹر فاضل علی ، ڈاکٹر محمد طبیب حسین ، ڈاکٹر محمد منور ، ڈاکٹر محمد ماجد ، ڈاکٹر مصباح احمد ، ڈاکٹر محمد ابراہیم ، ڈاکٹر اظہار اے خاں ، ڈاکٹر عالیہ خاں کے علاوہ محمد شاکر ، محمد واسع ، ایم اے رافع ، سید مقیم ناصر ، جناب ایم این بیگ ، جناب فہیم انصاری ، جناب خالد محی الدین اسد نے رجسٹریشن کیا ۔۔