پیٹر مکرجی کی دہلی سے ممبئی منتقلی

ممبئی۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) میڈیا کی ممتاز شخصیت پیٹر مکرجی کو آج صبح دہلی سے ممبئی واپس لالیا گیا ہے۔ انہیں سی بی آئی کے سینئر عہدیداروں اور مالیاتی اُمور کے ماہرین کی جانب سے پوچھ تاچھ کیلئے دہلی منتقل کیا گیا تھا۔ سی بی آئی تحویل کے اختتام پر انہیں مجسٹریٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ شینا بورا قتل کیس میں مزید پوچھ تاچھ کیلئے سی بی آئی نہیں دوبارہ تحویل میں دینے کی درخواست کرے گی۔ پیٹر مکرجی فی الحال اندرانی مکرجی کے شوہر  ہیں جنہیں 19نومبر کو گرفتار کئے جانے کے بعد خصوصی عدالت نے آج تک سی بی آئی کی تحویل میں دے دیا تھا۔ قبل ازیں نئی دہلی میں سی بی آئی کی ٹیم نے پیٹر مکرجی سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی۔ تحقیقاتی احجنسی کا دعویٰ ہے کہ لین دین کے معاملات کی وجہ سے شینا بورا کا قتل کیا گیا تھا ۔

شینا بورا کیس میں انٹرپول سے تعاون کی درخواست
ممبئی۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) شینا بورا قتل کیس میں مالیاتی محرکات کی چھان بین کے بعد سی بی آئی نے آج عدالت کو مطلع کیا ہے کہ بیرونی ممالک میں پیٹر مکرجی کے کھاتوں تک رسائی کیلئے انٹرپول سے تعاون طلب کیا گیا ہے۔ جبکہ عدالت نے پیٹر مکرجی کی سی بی آئی تحویل میں 30نومبر تک توسیع دے دی ہے۔ سی بی آئی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شینا بورا کے قتل میں مالیاتی محرکات کارفرما ہیں ۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پیٹر مکرجی اور اندرانی نے مختلف کمپنیوں میں 900کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے ۔