جی ایچ ایم سی کا اعلی سطحی اجلاس ، مئیر بی رام موہن کا خطاب
حیدرآباد /25 فروری ( سیاست نیوز ) موجودہ حالات میں پینے کے پانی کے مسائل کی یکسوئی کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنے چاہئے یہ بات مئیر بلدیہ مسٹر بنتو رام موہن نے بتائی ۔ انہوں نے آج ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین کے ہمراہ اعلی سطح اجلاس طلب کیا ۔ اس موقع پر کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی بھی موجود تھے ۔ مئیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پینے کے پانی کے مسائل پر فوری توجہ مرکوز کریں ۔ مئیر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ شہر کی آبی ضروریات کو پورا کرنے والے وسائل عثمان ساگر ، حمایت ساگر ، سنگور اور منجیرا ندی مکمل طور پر خشک ہوچکے اور جاریہ سال سخت مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ اس اجلاس میں واٹر ورکس کے اعلی عہدیداروں کو بھی طلب کیا گیا تھا تاکہ اس پانی کے سنگین مسئلہ کو بہترین تال میل کے ذریعہ قابو پایا جاسکے ۔ مئیر بنتو رام موہن نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی کاوشوں اور بہترین اقدامات کے سبب شہر کو کرشنا اور گوداوری ندی سے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ تاہم چند مقامات تک پانی پہونچنے میں اب بھی دشواریاں ہیں ۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے مئیر نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ واٹر ٹینکرس کے ذریعہ وقت پر پانی فراہم کریں اور نئے ڈالے جانے والے بورویلس کیلئے جیالوجی ڈپارمٹنٹ کی جانب سے سروے کروانے کا حکم دیا ۔ انہوں نے ریاستی وزیر پنچایت راج کے راما راؤ کے 100 دن کے پروگرام پر عمل آوری کی ہدایت دی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال جو اسکیمات پروگرام اور مختلف فلاحی اقدامات انجام دئے جارہے ہیں ان کو وارڈز سطح پر تیار کرتے ہوئے متعلقہ کارپوریٹرس کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر سریندر موہن ، چیف انجینئیر امتیاز احمد کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار اور کارپوریٹرس ، محمد عبدالشفیع ، شاہین بیگم ، کے لکشمی، سنیتا کماری ، سنجئے گوڑ و دیگر موجود تھے ۔