پینشن کے آغاز پر بینک جانے کی ضرورت نہیں

مرکزی سرکاری ملازمین کو سبکدوشی کے دن پی پی او نقل دیدی جائیگی
نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی سرکاری ملازمین کو پینشن کے آغاز کے لئے بینکس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ سبکدوشی کے وقت ہی انہیں پینشن پے منٹ آرڈر (پی پی او) کی نقل حوالے کردی جائے گی۔ وزارت پرسونل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ موجودہ قواعد میں تبدیلی لائی گئی ہے اور تمام مرکزی سرکاری محکمہ جات کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملازمین کی سبکدوشی کے وقت ہی انہیں پی پی او کی نقل حوالے کی جائے۔ اس طرح وظیفہ یاب شخص کو پہلی مرتبہ پینشن کے حصول کیلئے بینک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئے قواعد کے تحت سبکدوش ہونے والے سرکاری ملازمین یا پینشنرس کو ایک فارم فراہم کیا جائے گا جس میں متعلقہ بینکس سے پینشن شروع ہونے کی ہدایت رہے گی۔ پی پی او کی بینک نقل کو سنٹرل پینشن اکاؤنٹنگ آفس روانہ کردیا جائے گا۔ وظیفہ یاب کو ایک نقل سبکدوشی کے وقت دیگر سبکدوشی بقایاجات کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ اگر ملازم ہیڈ آفس سے دور مقیم ہو یا پھر اس کے لئے پی پی او کی نقل بینک سے حاصل کرنا زیادہ آسان ہو تو ایسی صورت میں وہ ہیڈ آفس کو تحریری طور پر مطلع کرسکتا ہے۔ جس وقت پینشن پیپرس داخل کئے جائیں گے، تبھی وہ اس ضمن میں اطلاع فراہم کرسکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایسے کئی واقعات سامنے آئے جہاں پی پی او کی نقل پینشنر کے حوالے نہیں کی گئی اور اسے بینک کو روانہ کردیا گیا لیکن وہ نقل بینک تک نہیں پہونچ پائی جس کی وجہ سے پینشنر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس وقت مرکزی سرکاری ملازمین کی تعداد تقریباً 48 لاکھ اور پینشنرس کی تعداد 53 لاکھ ہے۔ عام طور پر بینک کو متعلقہ پیپرس پہونچنے ، پینشنر کے بینک سے رجوع ہونے میں تاخیر یا پھر دیگر کئی وجوہات کی بناء پینشن کے آغاز میں مشکلات ہوا کرتی تھیں۔