پٹنہ ۔ 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) بہار کے پٹنہ ضلع کے نیوراتھالہ علاقے میں والد کی پننشن میں حصہ نہ ملنے پر ناراض بیٹے نے باپ اور ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بیچوں ٹولہ کے رہنے والے منارک یادو کو ریلوے سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد 22 لاکھ روپئے محکمہ کی جانب سے دیئے گئے۔ اس میں سے انہوں نے اپنے دونوں بیٹے رمیش اور اودھیش کو برابر تقسیم کردینے اور کچھ رقم اپنے پاس رکھ لی۔ منارک ان دنوں اپنے برے بیٹے رمیش کے ساتھ رہ رہے تھے اور ان کے بچوں کی پڑھائی پر اپنا پیسہ خرچ کرتے تھے۔ اس بات سے اودھیش ناراض رہنے لگا اور مسلسل والد سے رقم کا مطالبہ کرتا رہتا تھا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ اودھیش صبح رمیش کے گھر پہنچا اور اپنے والد سے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔ الزام ہے کہ پیسے دینے سے انکار پر بیٹے نے والد اور ماں پر فائرنگ کردی جس سے دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ ملزم کی تلاش جاری ہے۔