پیشاب کی نالی میں سوزش سے بچنا آسان

 

پیشاب کی نالی میں سوزش کافی تکلیف دہ مرض ہوتا ہے اور اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کافی لوگ ہچکچاتے بھی ہیں، تاہم اس سے بچنا بہت آسان ہوتا ہے۔
بس پانی زیادہ پینے کی عادت پیشاب کی نالی کی سوزش جیسے تکلیف دہ مرض کا خطرہ کم کردیتا ہے، خصوصاً خواتین کے لیے تو یہ عادت بہت ضروری ہے۔یہ دعویٰ امریکہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
میامی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ خواتین میں اس مرض کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں ساٹھ فیصد زیادہ ہوتا ہے یا ہر چار میں سے ایک اس سے متاثر ہوسکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اس تکلیف دہ مرض سے بچنے کا آسان اور محفوظ طریقہ انفیکشن کی روک تھام کرنا ہے اور عام معمول سے ایک لیٹر زیادہ پانی پینا اس بیماری سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق کے مطابق خواتین میں اس مرض کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے تاہم مردوں کو بھی اس احتیاط پر عمل کرنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ پانی پینے سے مثانے میں اکھٹا ہونے والے بیکٹریا کو نکالنا آسان ہوجاتا ہے اور ان کا اجتماع نہیں ہوپاتا جو کہ اس مرض کا باعث بنتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ پیشاب کی نالی میں انفیکشن سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ بیکٹریا کو جمع ہونے سے روکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی زیادہ پینا اس سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور اس پر کوئی اضافی خرچہ نہیں ہوتا جبکہ کوئی مضر اثرات بھی مرتب نہیں ہوتے۔
اس سے پہلے یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ درمیانی عمر میں پانی کم پینا گردوں کے امراض کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے اور زیادہ پانی پینا اس جان لیوا مرض سے بچاتا ہے۔