برسلز ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پیرس حملہ کے آخری زندہ حملہ آور صالح عبدالسلام کو بلجیم کی ایک عدالت نے 20 سال کی سزائے قید سنائی ہے۔ عبدالسلام کو 2016ء میں اس کی گرفتاری سے چند روز قبل ہی دہشت گردانہ واقعہ سے مربوط پولیس کے ساتھ ہوئی ایک جھڑپ میں اقدام قتل کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلہ میں واضح طور پر کہا کہ دہشت گردانہ واقعات میں صالح عبدالسلام اور اس کے ساتھی صوفیان عیاری کے ملوث ہونے میں کوئی شبہ نہیں۔ پراسیکیوٹرس نے دونوں ملزمین کیلئے 20 سال کی سزائے قید دیئے جانے کی سفارش کی تھی۔ تاہم فیصلہ سنائے جانے کے وقت دونوں ملزمین عدالت میں موجود نہیں تھے۔ یاد رہیکہ 15 مارچ 2016ء کو پولیس کو ایک خفیہ اطلاع ملنے پر پیرس میں واقع ایک فلیٹ پر دھاوے کئے گئے تھے جس کے بعد ہونے والی جھڑپ میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ 2015ء میں کئے گئے پیرس حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔