پیاکڈاشیاء کے خلاف تلنگانہ لیگل میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کی کارروائی

ایک ہزار کیسیس درج، دس لاکھ روپئے کے جرمانے
حیدرآباد۔/5نومبر، ( پی ٹی آئی)تلنگانہ لیگل میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ نے، جس نے ایم آر پی رکھنے والے پیاکڈ اشیاء پر جی ایس ٹی ٹیکس عائد کرنے کی شکایات کے بعد ریاست بھر میں ایک خصوصی مہم شروع کی ہے، 1,000 سے زائد کیسیس درج کئے ہیں اور دس لاکھ روپئے سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں۔ ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو معلوم ہوا کہ چھوٹے ٹریڈرس سے بڑے شاپنگ مالس اور ملٹی پلیکسیس بھی اور اہم ایم این سی فوڈ چینس تک مبینہ طور پر اس دھوکہ دہی میں ملوث ہورہے ہیں۔ کمشنر سیول سپلائیز ، لیگل اینڈ میٹرولوجی کنٹرولر سی وی آنند نے گزشتہ ماہ مینو فیکچررس، پیاکرس، امپورٹرس کو پیاکیجڈ گڈس پر ایم آر پی سے زائد جی ایس ٹی کی وصولی کے خلاف انتباہ دیا تھا۔ عوام سے کئی شکایتیں موصول ہونے پر لیگل اینڈ میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کی اسپیشل ٹیمس تشکیل دی گئیں تاکہ ریاست بھر میں چیکنگ کی جائے اور اس طرح کی بدعنوانیوں یا دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف کیسیس درج کئے جائیں۔ مسٹر آنند نے کہا کہ اب تک اس سلسلہ میں 1,062 کیسیس درج کئے گئے اور 10.62 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ ان دھاوؤں میں ایم آر پی، نان جی ایس ٹی ایٹمس پر جی ایس ٹی چارج کرنا اور زیادہ قیمت پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ گذشتہ چھ دنوں میں میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 5,000 سے زائددھاوے کئے گئے اور مالس، ملٹی پلیکسیس، اسٹار ہوٹلس، رسٹورنٹس، بارس، سویٹ ہاؤزس او ر دیگر بزنس پوائنٹس میں خصوصی اور تفصیلی چیکنگ کی گئی۔ مسٹر آنند نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایک اور ہفتہ تک اس مہم میں مزید شدت پیدا کی جائے اور تمام شکایتوں پر خصوصی اور تفصیلی چیکنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ایم آر پی پر جی ایس ٹی چارج کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور کہا کہ اگر کوئی ایم آر پی سے زیادہ چارج کرتے ہوئے پہلی مرتبہ پکڑا گیا تو جرمانہ 2000 روپئے تا 25000 روپئے ہوگا۔ اور اگر کوئی دوسری مرتبہ پکڑا گیا تو جرمانہ دوگنا ہوگا۔