پیاز ، ٹماٹر کی قیمتوں میں عنقریب کمی پاسوان کا بیان

نئی دہلی، 31اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خوراک و امورصارفین رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ نئی فصل آنے پر پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں جلد ہی کم ہوجائیں گی۔ پاسوان نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کی خریف فصل بازار میں آنے لگی ہے اور نومبر میں ٹماٹر کی نئی فصل آجائے گی۔ اس کے بعد ان کی قیمتیں گھٹ جائیں گی۔ خیال رہیکہ قومی دارالحکومت خطہ میں پیاز کی قیمت 40سے 60 روپے فی کلوگرام کے درمیان ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ مہاراشٹر میں کسانوں نے پورا پیاز بیچ دیا اس کے باوجود اس کی قیمتیں کیوں بڑھی ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ تاجر ہوشیار ہوگئے ہیں۔ وہ پیاز خریدنے کے بعد اسے کسان کے یہاں ہی رہنے دیتے ہیں۔ ایسے میں اگر کسان کے یہاں چھاپہ ماری کی جائے تو ہنگامہ ہوجائے گا۔ پاسوان نے کہاکہ انہیں بھی صورتحال کا علم ہے ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں بہت نیچے آنے پر بھی میڈیا میں ہنگامہ ہوگا۔