پہلی سعودی خاتون سی ای او ناہید طاہر

ریاض ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی ثقافت کو انتہائی قدامت پسند سمجھا جاتا ہے جہاں خصوصی طور پر خواتین پر متعدد تحدیدات عائد ہیں تاہم حالیہ دنوں میں دیکھا جارہا ہیکہ سعودی خواتین بھی مختلف شعبہ حیات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں جس کیلئے ناہید محمد طاہر کی مثال دی جاسکتی ہے جو ایک معاشی تجزیہ نگار ہیں۔ ناہید گلف ون انویسٹمنٹ بینک کی معاون بانی اور سی ای او ہیں۔ مذکورہ بینک شرعی قوانین کے مطابق دنیا بھر کے توانائی پراجکٹس میں رقومات مشغول کرنے والا ایک انویسٹمنٹ بینک ہے جس کا ہیڈکوارٹر بحرین میں ہے جبکہ سعودی عرب، جرمنی اور کویت سے بھی اس بینک کی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ ناہید ایسی پہلی سعودی خاتون ہیں جو ہزاروں مردوں کے درمیان رہتے ہوئے نیشنل کمرشیل بینک کیلئے سینئر اکنامسٹ کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ لنکاسٹر یونیورسٹی اسکول آف مینجمنٹ سے انہوں نے معاشیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔